خیبر پختونخوا

بدنصیب خاندان جسے غربت نہیں موت نوشہرہ سے پشاور کھینچ لائی

سید ندیم مشوانی

نوشہرہ مصری بانڈہ کے علاقے ولی انٹر چینج مرھٹی کے رہائشی کو اپنی موت پشاور کھینچ لائی، غربت کے مارے نوشہرہ سے پشاور ہجرت کرنے والا مزدور گیس لیکج دھماکے کے باعث اپنے بیٹے اور بہو سمیت جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کے خاندان کے سات دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق تھانہ مصری بانڈہ کے نواحی علاقے ولی انٹر چینج مرھٹی کا رہائشی زمرود خان غربت سے تنگ آ کر محنت مزدوری کی عرض سے بمعہ خاندان رسالپور ولی انٹر چینج مرھٹی سے ہجرت کر کے پشاور نوئے کلے میں رہائش پذیر ہوا اور محنت مزدوری شروع کر دی تھی۔

چند دن قبل تمام اہل خانہ گھر میں سردی کی شدت کو کم کر نے کے لیے رات کو کمرے میں سوئی گیس ہیٹر جلا کر سو گئے، رات کو سوئی گیس کی بندش سے چولھا بجھ گیا اور جب دوبارہ گیس آئی تو گیس تمام کمرے میں پھیل گئی جس کی وجہ سے ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں چھ بچوں سمیت دس افراد جھلس گئے۔

زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں 60 سالہ زمرود، 24 سالہ فواد، 27 سالہ ریحاد، 20 سالہ تبسم بی بی زوجہ ریحاد اور فواد کے تین تین بچے شامل تھے۔

گزشتہ روز باپ زمرود خان، بیٹا فواد اور بہو تبسم زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے زندگی کی بازی ہار گئے، تینوں میتوں کو تھانہ مصری بانڈہ کے علاقے ولی انٹر چینج مرھٹی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button