ٹانک، سیکیورٹی فورسز پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ، دو جوان شہید ایک زخمی
ضلع ٹانک تھانہ گومل کی حدود میں سیکورٹی فورسز کی روڈ پروٹیکشن ٹیم پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں کی فائرنگ، دو جوان شہید ایک زخمی ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والوں میں سپاہی خالد اور سپاہی آیاز شامل ہیں جبکہ محمد رمضان نامی سپاہی زخمی ہوا ہے۔
وقوعہ کے بعد نعشوں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔
واضح رہے کہ حالیہ کچھ دنوں سے خیبر پختونخوا خصوصاً ضم اضلاع میں امن و امان کی صورتحال خروب رہی ہے اور آئے روز کوئی نا کوئی خوشگوار واقعہ رونما ہو جاتا ہے۔
گذشتہ روز (18 جنوری) افغانستان کے سرحدی علاقے سے باجوڑ کی سویلین آبادی پر راکٹ حملے کئے گئے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق راکٹ باجوڑ کے سرحدی علاقوں ملا کلی اور لغڑئ بازار میں سویلین آبادی پر گرائے گئے تھے۔
علاوہ ازیں 18 جنوری کو ہی شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں دتہ خیل روڈ پر گاؤں احمد خیل بابری اڈہ کے قریب زیر تعمیر پولیس چیک پوسٹ کو نامعلوم افراد نے بارودی مواد سے اڑا دیا۔
دوسری جانب اسی روز جنوبی وزیرستان میں فورسز کے آپریشن میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے نرگوسا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے جن کی شناخت عثمان علی اور وحید لشتئی کے نام سے ہوئی جب کہ فائرنگ کے دوران ایک دہشت گرد زخمی ہوا جسے گرفتار کرلیا گیا۔
قبل ازیں (16 جنوری کو) شمالی وزیرستان میں نامعلوم حملہ آوروں نے پروفیسر ڈاکٹر ولی اللہ داوڑ کو قتل کر دیا تھا۔