2020، مردان میں 22 ہزار 968 حادثات، 23 ہزار 8 افراد متاثر
ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر خطیر احمد کے احکامات پر ریسکیو 1122 مردان کے ترجمان بلال جلال نے عوام کی آگاہی کیلئے پچھلے سال 2020 ضلع مردان میں ہونے والے حادثات کے اعدادوشمار اور ان حادثات میں ریسکیو 1122 مردان کی کارکردگی اور خدمات کی تفصیلات جاری کر دیں۔
ریسکیو 1122 مردان نے گزشتہ سال دیگر حادثات کے علاوہ کورونا وائرس کے خاتمے اور بچاؤ کی خاطر فرنٹ لائن پر خدمات فراہم کرتے ہوئے آگاہی مہم سمیت ضلع بھر کے اہم مقامات پر جراثیم کش سپرے کیا اور منگاہ میں پاکستان کا پہلا کورونا کیس رپورٹ ہونے پر ایک ہی رات میں 70 سے زائد جبکہ مجموعی طور پر 200 سے زائد کورونا کے مشتبہ یا متاثرہ افراد کو قرنطینہ سنٹرز منتقل کیا۔
ترجمان بلال جلال کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ریسکیو 1122 مردان نے ایک سال کے دوران عوام کے جان و مال کو بچانے کیلئے مجموعی طور پر 22 ہزار 968 حادثات میں عوام کو خدمات فراہم کیں جبکہ ریسکیو کنٹرول روم کو 7 لاکھ 829 کالز موصول ہوئیں جن میں 4 لاکھ 82 ہزار 796 غیر ضروری کالز شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 مردان نے 22 ہزار 968 حادثات میں متاثرہ 23 ہزار 8 افراد تک اوسط رسپانس ٹائم 6.25 منٹ میں پہنچ کر بروقت پیشہ ورانہ سہولیات فراہم کیں۔
اعدادوشمار کے مطابق سال 2020 ضلع مردان میں سلنڈر پھٹنے، بم یا دیگر دھماکوں کے 23، سڑک حادثات کے 4 ہزار 892، میڈیکل کے 16ہزار 216، آتشزدگی کے 341، عمارت گرنے کے 73، جرائم یا گولی لگنے کے 472، ڈوب جانے کے 57، گرنے یا دیگر متفرق ہنگامی صورتحال کے 831 واقعات میں ریسکیو 1122 نے پیشہ ورانہ خدمات فراہم کیں۔
ان واقعات یا حادثات میں 23 ہزار 8 لوگ متاثر ہوئے جن میں 1 ہزار 754 افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی، 20 ہزار 308 افراد کو ریسکیو کرنے اور ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا، ان حادثات میں 940 افراد یا تو ریسکیو 1122 ایمبولینس میں یا ہسپتال پہنچنے پر جان کی بازی ہار گئے۔
آتشزدگی کے واقعات میں ریسکیو 1122 فائر فائٹرز نے عوام کے جان و مال کی حفاظت کیلئے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر آگ کے تپتے شعلوں سے ہزاروں جانیں بچائیں اور عوام کی لاکھوں کروڑوں مالیتی املاک کو نقصان سے بچایا۔
ہنگامی حالات اور حادثات میں خدمات فراہم کرنے کے علاوہ ریسکیو 1122 مردان کے تربیت یافتہ ٹریننگ انسٹرکٹرز نے سرکاری و نجی اداروں، سکول کالجز اور لوکل کمیونٹی کے 11 ہزار افراد کو ناگہانی صورتحال میں اپنی اور دوسروں کی جان بچانے کیلئے تربیت بھی فراہم کی۔