قبائلی اضلاع

”ملاگوری، شہید مینہ میں پکنک سپاٹ منصوبے پر کام کا جلد آغاز ہو گا”

الحاج شفیق شیر آفریدی نے کہا ہے کہ ملاگوری، شہید مینہ میں دریائے کابل کے کنارے پکنک سپاٹ منصوبے پر کام کا جلد آغاز ہو گا۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق سینیٹر الحاج تاج محمد آفریدی اور سٹینڈنگ کمیٹی برائے ماحولیات الحاج شفیق شیر آفریدی نے ملاگوری کے علاقے لوڑہ مینہ اور شہید مینہ کا دورہ کیا۔

اس موقع پرالحاج نواب شیر، حاجی یار افضل، حاجی گل شیر، الحاج کاروان ملاگوری کے رہنماء حاجی آباد گل، محمد زاہد، عرب خان و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

معززین علاقہ سے اپنے خطاب میں سینیٹر الحاج تاج محمد آفریدی نے کہا کہ ملاگوری قوم کے عوام کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے دن رات کوششیں کی ہیں اور مختلف علاقوں میں پانی کے منصوبے مکمل کر دیئے گئے ہیں جس سے مقامی لوگوں کو پانی گھر کے دہلیز پر مل رہا ہے، ”مقامی لوگوں کے مسائل سے بالکل غافل نہیں ہیں۔”

رکن صوبائی اسمبلی الحاج شفیق شیر آفریدی نے کہا کہ علاقہ شہید مینہ میں پکنک سپاٹ بنانے کے منصوبے پر بہت جلد کام شروع کیا جائے گا جس سے ملک بھر کے مختلف علاقوں سے لوگ سیر و تفریح کیلئے آئیں گے جس سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ علاقے میں صحت، پانی، روزگار، تعلیم،سڑکوں کی بحالی سمیت دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے جس سے علاقے میں ترقی و خوشحالی کا دور شروع ہو جائے گا۔

اس موقع پرسماجی کارکن محمد زاہد ملاگوری کی جانب سے ان کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button