کوہاٹ، ہسپتال میں زیر علاج خاتون قتل، پولیس فائرنگ سے ملزم بھی ہلاک
کوہاٹ کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے آتھوپیڈک وارڈ میں گھس کر مسلح شخص نے اپنی رشتہ دار زیر علاج خاتون پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ گرفتاری کے دوران مزاحمت کرنے پر پولیس نے فائرنگ کر کے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق جمعہ کے روز شامون نامی ایک مسلح شخص نے ڈویڑنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے آرتھوپیڈک وارڈ میں داخل ہو کر وہاں زیرعلاج خاتون بی بی عائشہ زوجہ ریاض الدین پر فائرنگ کی جس کی زد میں آ کر خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔
فائرنگ کے بعد مسلح شخص فرار ہو رہا تھا کہ اس دوران واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نفری نے موقع پر پہنچ کر ہسپتال کا گھیراؤ کر لیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعہ کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں کا تعلق گنجانو کلے ہنگو سے ہے اور آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ جائیداد کے سابقہ تنازعے پر پیش آیا، مقتولہ آرتھوپیڈک وارڈ میں زیر علاج تھی۔
مقتولہ بی بی عائشہ زوجہ ریاض الدین اور پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ملزم شامون ولد جاوید کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد آبائی علاقے کو روانہ کر دی گئیں۔