”خانقاہ ماربل پہاڑ کی لیز بادیمزئی قبیلے کے حقوق پر ڈاکہ ہے”
خانقاہ ماربل پہاڑ کے دامن میں بادیمزئی قبیلہ کی چار اقوام نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خانقاہ ماربل پہاڑ بادیمزئی قوم کے چار قبیلوں ادین خیل، تترخیل، حسن خیل اور ملاتم خیل کی ذاتی ملکیت ہے جن کی حدود خانقاہ میاں گان ماربل پہاڑ سے ملی ہوئی ہیں جسے مخالف فریق گاگیزئی اور ٹھیکیداران پر مشتمل چند قبضہ عناصر ناجائز طریقے سے غصب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس موقع پر ملک گل شاہ، ملک جان سید، خائستہ گل، عبدالوہاب اور حاجی شیر جان و دیگر مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ قبضہ گروپ محکمہ معدنیات کو گمراہ کر کے ناجائز طریقے سے خانقاہ ماربل کا نقشہ، جلسہ عام اور لیز حاصل کرنا چاہتا ہے ہیں جو کہ بادیمزئی قبیلہ کی چار اقوام کے حقوق پر ڈاکہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مخالف فریق سفارش اور مختلف ہتھکنڈوں سے محکمہ کو گمراہ کر رہا ہے، محکمہ معدنیات مخالف فریق کے جھانسے میں نہ آئے اور کاروائی میں جلدبازی سے گریز کرے اور باریک بینی سے ہر پہلو کا جائزہ لے کیونکہ انتظامیہ اور پولیس بادیمزئی قبیلہ کے حقوق سے اچھی طرح واقف ہیں۔
مظاہرین نے کہا کہ خانقاہ ماربل کے تمام قانونی دستاویزات بادیمزئی قوم کے پاس محفوظ ہیں۔
مظاہرین نے خبردار کیا کہ خانقاہ ماربل کا غیرقانونی نقشہ، جلسہ عام اور لیز میں محکمہ، انتظامیہ اور پولیس نے قبضہ گروپ کا ساتھ دیا تو کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی تمام ذمہ داری انہی پر عائد ہو گی کیونکہ قبیلہ کی چاروں شاخیں اپنی ملکیت کے تحفظ کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔