بلاگزخیبر پختونخوا

سکول وہی پرانا ہے پر وہ وقت ہے نا وہ سہیلیاں!

رانی عندلیب

26 دسمبر 2020 کو میں اپنی بہن کے ساتھ لیڈی گرفتھ سکول گئی۔ لیڈی گرفتھ سکول میں ہائی سکول کے ٹیچرز کی میٹنگ تھی، میری بہن بھی گورنمنٹ ٹیچر ہیں سو ان کے ہمراہ میں بھی چل پڑی۔ جیسے ہی سکول کے مین دروازے سے داخل ہوئی تو مجھے وہ وقت یاد آ یا جب سکول میں میرا پہلا دن تھا۔

وقت بہت تیزی سے گزر رہا ہے، کچھ ہی عرصہ پہلے کی تو بات ہے جب سکول مہں میرا پہلا دن تھا، مین گیٹ سے جیسے ہی اندر داخل ہوئی تو دائیں طرف کھیل کا بڑا میدان تھا، جہاں سکولز کے صوبائی گیمز ہوتے تھے، بائیں جانب کلرکوں کے دفاتر تھے، دو یا تین منٹ پیدل چلنے کے بعد دائیں طرف سکول کی عمارت اور بائیں جانب ہائیر سکینڈری سکول کی عمارت تھی۔

سکول کے دو دروازے تھے، سکول کی عمارت اندر سے گول، نیچے ہاسٹل اور اوپر کلاسز، پورا سکول ایک جیسی شکل میں بنا، چاروں طرف سیڑھیاں بنیں، یہ سارا منظر اک عجیب سا تاثر ذہن پر چھوڑ رہا تھا۔

پہلے دن آنے والوں کے لیے کلاس جانا کسی عجوبے سے کم نہیں ہوتا، میرا بھی یہی مسئلہ تھا، میں نے چاروں طرف چکر لگایا تو آ خر میں اپنا کلاس روم ملا، اچھی بات یہ تھی کہ کلاس کے اوپر بورڈ لگا تھا اور بورڈ کی مدد سے کلاس اور سیکشن کو پہچان لیا۔

سکول وہی پرانا ہے پر وہ وقت ہے نا وہ سہیلیاں!

کلاس میں کتابوں سے بھرا بستہ رکھا اور اسمبلی کے لیے نیچے گراؤنڈ میں آ گئے، دروازے کو تالا لگایا گیا تاکہ لیٹ آنے والی لڑکیاں باہر ہی رہیں، اس وقت تالے کو دیکھ کر سکول، سکول کم اور جیل یا قید خانہ زیادہ لگ رہا تھا تو میری آنکھوں سے زاروقطار آنسو بہنا شروع ہو گئے۔

ہم کلاس کے چوبارے میں بیٹھتے تھے، ہماری کلاس مین دروازے کے سامنے تھی اوپر سے میں سارا دن مین گیٹ کو دیکھتی رہتی تھی کہ کب چھٹی ہو گی اور ہم اس قید سے رہا ہوں گے لیکن اج جب بہت عرصے بعد سکول آئی تو سب وہی تھا۔ مجھے سب اچھا لگ رہا تھا۔ سکول اور کلاسز، وہی چوبارہ، اس کے ساتھ میری بہت ساری یادیں وابستہ ہیں۔

میری سہلیاں مجھے بہت یاد آئیں کیونکہ اس وقت وہی سکول، وہی کلاس رومز، سب کچھ تھا لیکن میری سہیلیاں نہیں تھیں اور نہ وہ وقت، کاش! وقت پلٹ کر واپس آ جاتا!

نجانے کیوں سکول اور وہاں کی ہر چیز اچھی اور دل کو چھو لینے والی لگی، سکول کے ہال گئی جہاں پر ہمارا نہم اور دہم کلاس کا امتحان ہوا تھا، اس وقت تو سفیدی نہیں ہوتی تھی اور آج جب دیکھا تو پورے ہال میں پینٹ ہوا تھا، فرش کی جگہ سنگ مرمر لگا ہوا تھا جبکہ سٹیج پے کارپٹ لگا ہوا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button