خیبر پختونخوا میں جاری شدید سردی کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ
محکمہ ریلیف بحالی وآبادکاری خیبر پختونخوا نے صوبے میں جاری شدید سردی کی لہر کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کردی جس کے تحت صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال سے متاثرہ افراد کے لئے عارضی پناہ گاہیں قائم کرنے کا اختیاردے دیا گیا ہے۔دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے شدید سرد موسم میں شہریوں کے مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر کا کوئی بھی شہری شیلٹرپناہ گاہ کے بغیر نہ رہے۔
اس سلسلے میں محکمہ سماجی بہبود اور متعلقہ ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جہاں پناہ گاہیں بھری ہوں یا دستیاب نہ ہوں وہاں عارضی پناہ گاہیں اور اس میں پناہ گزینوں کو کھانا فراہم کرنے کو یقینی بنائیں۔علاوہ ازیں خراب موسم کی وجہ سے جن گھروں کو نقصان پہنچا ہو ان کو بھی تین وقت کے کھانے کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے انتظامیہ کو شہریوں کو ریلیف پہنچانے کی رپورٹ پی ایم آر یو کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ریلیف ڈیپارٹمنٹ پورے صوبے کے لئے انتہائی موسمی ایمرجنسی ڈکلیئرکرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ڈپٹی کمشنر عارضی پناہ گاہوں کو دوبارہ فعال کریں ، ضرورت مندوں کوناشتہ اور رات کا کھانا اور رہائش فراہم کیا جائے ، جن کے مکانات کو نقصان پہنچا ہے انہیں دن میں تین بار کھانا بھی فراہم کیا جائے.