‘موجودہ حکومت صحافیوں کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہے’
موجودہ حکومت صحافیوں کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہے،جنوبی اضلاع کے صحافی شدید عدم تحفظ کے شکار ہیں،سینیئر صحافی فضل کریم شاہ کے گھر پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سینیئر صحافی لیاقت صیام اور ورکنگ یونین آف جرنلسٹ کے صدر ولید خان مروت نے ورکنگ یونین آف جرنلسٹ اور الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے مشترکہ ہنگامی اجلاس میں کیا۔
کوہاٹ میں نجی ٹی وی سے منسک سینیئر صحافی فضل کریم شاہ کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے خلاف میڈیا سنٹر سرائے نورنگ میں بلائے گئے اجلاس میں الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عرفان،جنرل سیکرٹری غلام اکبر مروت،محمد زعفران،علی نوید،سینیئر صحافی حافظ منہاج الدین،شریف اللہ،خلیل احمد،برکت اللہ اور ظفر اقبال سمیت کثیر تعداد میں صحافیوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں صحافیوں نے فضل کریم شاہ کے گھر پر حملے کی مزمت کی اور اسے ایک بزدلانہ فعل قرار دیا۔اس موقع پر سینئر صحافی لیاقت صیام کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت صحافیوں کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہے آئے روز صحافیوں پر حملے ہو رہے ہیں،خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کے صحافی شدید عدم تحفظ کے شکار ہیں،ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نان ایشوز پر تو قانون سازی کر رہی ہے لیکن صحافیوں کی فلاح اور تحفظ کیلئے وعدوں کے باوجود کوئی قانون سازی نہیں ہورہی،ورکنگ یونین آف جرنلسٹ کے صدر ولید خان مروت کا کہنا تھا کہ فضل کریم شاہ پر حملہ صحافی برادری پر حملہ ہے،شر پسند حق کی آواز دبانا چاہتے ہیں لیکن ان کو یہ معلوم نہیں کہ حق کی آواز جتنا دباو گے اتنی ہی یہ آواز ابھرے گی اور مضبوط ہو گی۔
اجلاس میں ڈیرہ اسماعیل خان میں قتل ہونے والے صحافی قیس جاوید کے قتل کی بھی مذمت کی گئی اور قاتلوں کی جلد سے جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔