کھیل

پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

پہلے ٹی 20 میں میزبان نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 154 رنز ہدف دیا۔

نیوزی لینڈ نے مذکورہ ہدف باآسانی 5 وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور کی پانچویں گیند پر پورا کرلیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سیفرٹ نے 57، مارک چیمپمین نے 34 اور گلین فلپس نے 23 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 29 رنز دے کر تین جب کہ شاہین آفریدی نے 27 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں ٹاس جیت کر بیٹنگ کے فیصلے کے بعد پاکستان کا ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا صرف 39 رنز پر آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی تاہم اس موقع پر کپتان شاداب خان سے بیٹنگ کو سہارا دیا لیکن وقتاً فوقتا وکٹیں گرتی رہیں۔

شاداب خان نے 32 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی۔ شاداب کے ساتھ ساتھ آل راؤنڈر فہیم اشرف نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور چند لمبے شاٹس کھیل کر ٹیم کے مجموعے کو 153 تک پہنچانے میں مدد کی۔ فہیم اشرف 18 گیندوں پر 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button