قومی

آزاد کشمیر اور مالاکنڈ ڈویژن میں برف باری، سردی مزید بڑھ گئی

آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا، رابطہ سڑکیں بند ہونے کے باعث کئی علاقوں کے زمینی رابطے منقطع، لوگ گھروں میں محدود ہو کر رہ گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیاحتی مقام شوگران میں 3 فٹ، کاغان ویلی میں 4، ناران میں 5 فٹ، سرن ویلی میں ایک فٹ تک برف باری ہو چکی ہے، برف باری کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، گلیات کے مختلف مقامات پر 8 انچ سے ایک فٹ تک برف پڑ چکی ہے، برف باری سے سڑکیں متاثر ہوئیں۔

رپورٹس کے مطابق گلگت بلتستان میں استور، گاہ کوچ، ہنزہ سمیت دیگر علاقوں میں شدید برفباری سے لوگ گھروں میں محصور ہو گئے، رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں اور لکڑی کی طلب میں اضافہ ہو گیا، بابو سرٹاپ، بٹوگاہ ٹاپ، نانگاہ پربت، فیری میڈو میں بھی برفباری ہوتی رہی، مری میں اب تک 10 انچ تک برف پڑچکی ہے، برف باری سے لطف اندوز ہونے کیلیے سیاح مری کا رخ کرنے لگے۔

ادھر سوات، مالم جبہ میں بھی وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ مظفرآباد، باغ، پونچھ، سدھنوتی اور حویلی میں بارش سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے، وادی لیپہ، وادی گری، اٹھ مقام، چکوٹھی، چناری اور ہٹیاں بالا میں برفباری سے رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button