قومی

راولپنڈی میں بم دھماکہ، 25 افراد زخمی

راولپنڈی کے علاقے گنج منڈی کی مرکزی شاہراہ پردھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 25 افراد زخمی ہو گئے۔

راولپنڈی پولیس کے مطابق دھماکہ راولپنڈی کے علاقے تھانہ گنج منڈی کے سامنے واقع فلٹریشن پلانٹ کے نزدیک ہوا ہے جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی کے علاقے گنج منڈی کی مرکزی شاہراہ پر دستی بم پھٹ گیا۔

سی پی او راولپنڈی احسن یونس نے میڈیا کو بتایا کہ شہر میں 10 روز کے دوران یہ دوسرا دھماکہ ہے، پہلا دھماکہ پیر ودہائی اور دوسری آج گنج منڈی میں ہوا، دونوں دھماکے تھانوں کے قریب ہوئے جبکہ خفیہ اداروں کی جانب سے شہر میں دہشت گردی کی اطلاعات بھی موجود ہیں، تاہم پیر ودہائی بم دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ گنج منڈی میں دھماکے کی نوعیت کا فی الوقت نہیں بتا سکتے۔

پولیس کے مطابق ہینڈ گرنیڈ مبینہ طور پر ریڑھی میں چھپایا گیا تھا تاہم پھر بھی دھماکے کی نوعیت معلوم کی جا رہی ہے، علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے راولپنڈی کے علاقے تھانہ گنج منڈی کے قریب نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے، جس کے اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری، بم ڈسپوزل اسکوارڈ کا عملہ اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور عوام کے لئے راستے بند کر دیئے گئے ہیں، اعلی حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق دستی بم کچھ دیر بعد پھٹ گیا اور دھماکے میں 25 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 3 افراد کو موقع پر ہی طبی امداد دے کر بھیج دیا گیا جب کہ باقی 22 افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button