کورونا کیسز، چارسدہ میں ایک، نوشہرہ میں دو سکول سیل کر دیئے گئے
نوشہرہ اور چارسدہ میں طلبہ اور اساتذہ میں کورونا کیسز کی تصدیق کے بعد متعلقہ سکولوں کو سیل کر دیا گیا۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول نوے کلے پڑانگ غار کے 2 اساتذہ حسن خان، منظور حسین جبکہ آٹھویں جماعت کے طالب علم عاطف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر مذکورہ سکول کو 15 دنوں کیلئے بند کر دیا گیا۔
اسی طرح جی پی ایس زیارت پڑانگ غار کی چوتھی جماعت کے طالب علم محمد الیاس میں بھی کورونا کی تصدیق جس کے بعد انتظامیہ نے مذکورہ سکول کی چوتھے کلاس کو 7 دنوں کیلئے چھٹی دیدی۔
دوسری جانب نوشہرہ میں کورونا کیسز کی رپورٹ مثبت آنے پر دو سرکاری سکولوں سمیت کئی علاقوں و محلوں میں سمارٹ لاک ڈاون کا فیصلہ، اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نوشہرہ میر رضا اوزگن کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکاری اعلامیے کے مطابق نوشہرہ کے مختلف علاقوں اور محلوں میں کورونا کیسز کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول پیر سبا، گورنمنٹ پرائمری سکول دھوبی گھاٹ نوشہرہ کینٹ، نمل بالا، زرین خان ہاؤس حکیم آباد، محلہ قاضیان خاوری، رشکئی، امیرو کلے نظامپور، علی بیگ خیل نظامپور، سمیت ضلع نوشہرہ کے دیگر علاقوں میں کئی افراد کے کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے کے بعد ان مذکورہ بالا علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاون لگانے اور ان علاقوں سمیت ضلع نوشہرہ بھر میں کورونا کیخلاف احتیاطی تدابیر سمیت کئی سکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے باقاعدہ طور پر اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔