کورونا کا خدشہ: پشاور کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاون لگانے کا فیصلہ
پشاور میں کورونا وائرس پھیلاؤ خدشات کی وجہ سے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن لگانے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں کل 7 نومبر بوقت سہ پہر چار بجے سے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں سے ان آوٹ انٹری بند رہے گی، لاک ڈاؤن لگانے کا مقصد کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے، ان علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کی وجہ سے لاک ڈاؤن لگایا گیا، ان علاقوں میں صرف ضروری اشیاء خوردنوش، میڈیسن، جنرل سٹور، تندور اور ایمرجنسی سروس کی دکانیں کھلی رہیں گی، ان علاقوں کی مساجد میں صرف پانچ افراد کو باجماعت نماز پڑھنے کی اجازت ہو گی۔
ڈی سی پشاور کا کہنا ہے کہ علاقہ مجسٹریٹ اور پولیس کو لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئیں، خلاف ورزی کر نے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔