پشاور مدرسہ دھماکہ، اسفندیار، نواز شریف اور مریم نواز کی شدید مذمت
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان، پاکستان مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور مریم نواز نے پشاور مدرسہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ پشاور مدرسہ دھماکہ کے زخمیوں میں سے ایک اور زخمی جاں بحق ہو گیا جس کے ساتھ واقعہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہو گئی جبکہ زخمیوں کی تعداد 110 سے زائد بتائی جاتی ہے۔
باچا خان مرکز پشاور سے جاری بیان میں سربراہ اے این پی نے کہا ہے کہ اے این پی بار ہا مطالبہ کرتی آ رہی ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ان کے خلاف یقینی اور بلا تفریق کاروائیاں کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھر پشاور میں معصوم اور بے گناہ بچوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا، معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے مستحق نہیں، درندے ہیں، ملک میں دہشت گردی کی نئی لہر پوری قوم کے لئے لمحہ فکریہ اور باعث تشویش ہے، عوامی نیشنل پارٹی بار بار اس خطرے کا اظہار کر چکی ہے کہ دہشت گرد تنظیمیں دوبارہ منظم ہو رہی ہیں، ان کو روکا جائے لیکن حکومت وقت خواب غفلت کے مزے لوٹ رہی ہیں، پشاور دھماکہ دہشت گردوں کی جانب سے خطرے کی گھنٹی ہے، تاہم اب بھی وقت ہے کہ مستقبل میں بڑی تباہی سے بچنے کیلئے اس بارے میں سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، مرکزی صدر نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ دھماکے کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور شہید ہونے والوں کیلئے شہدا پیکج کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے شہید ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔
مدرسہ دھماکے کے مجرموں کو کٹہرے میں لایا جائے۔ نواز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے پشاور مدرسے میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن خوانی کرتے معصوم طلباء کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ واقعہ پر بیحد رنجیدہ اور غمگین ہوں، معصوم طلباء اور ان کے والدین کے دکھ کا سوچ کر دل پھٹا جا رہا ہے، دیر کالونی پشاور میں مدرسے کو نشانہ بنانے والے مسلمان نہیں ہو سکتے، تعلیم حاصل کرتے بچوں اور تدریس کرتے اساتذہ کی شہادت نے سانحہ اے پی ایس کے دکھ تازہ کر دیئے ہیں، ملوث مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے، متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کرتا ہوں ۔اللہ تعالی شہدا ء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔
مدرسے میں دھماکہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔ مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مدرسے میں دھماکہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ بچوں کو ہونے والے نقصان نے انتہائی رنجیدہ کر دیا ہے ،جن مائوں کی گودیں اجڑ گئی ہیںان کے دکھ کا تصور اور ازالہ ممکن نہیں، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ لواحقین کو صبر عطا فرمائے اور اس سانحے میں زخمی ہونے والوں کو صحتیابی عطا فرمائے۔