قبائلی اضلاع

”خیبر پختونخوا خصوصاً ضم اضلاع میں جلد خواتین جرگہ سسٹم قائم کریں گے”

خواتین کی غیرسرکاری تنظیم کی چیئر پرسن وفا وزیر نے کہا ہے کہ ”زمونگ ژوندون” جلد خیبر پختونخوا خصوصاً ضم اضلاع میں خواتین جرگہ سسٹم قائم کرے گی۔

پشاور میں عورتوں کے حقوق سے متعلق تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ”زمونگ ژوندون” کی چیئرپرسن وفا وزیر نے کہا ہے کہ ہم نے بہت سارا وقت تاریکیوں میں گزارا ہے لیکن اب نئی حکومت، نیا عہد اور ٹیکنالوجی کا نیا دور ہے جس میں کسی کو تو آگے آنا ہے اس لئے ہم نے سوچا کہ کسی کو انتظار کیوں کریں، لہٰذا اب ہماری تنظیم کے تحت خیبر پختون خوا خصوصاً قبائلی اضلاع میں خواتین جرگہ سسٹم کو قائم کیا جائے گا ۔

تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کے علاوہ صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی، اراکین اسمبلی نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر شمالی وزیرستان میرعلی سے تعلق رکھنے والی وفا وزیر کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ خواتین کے مسائل کے حل لئے اب مقامی خواتین پر مشتمل خواتین جرگے منعقد ہوں، خواتین آگے بڑھیں اور خواتین کے مسائل خواتین ہی حل کریں۔

وفا وزیر کے مطابق خواتین سے جڑے مسائل کو نظر انداز کیا جاتا ہے، اس لئے اب خواتین کو آگے آنے کی ضرورت ہے، مقامی خواتین ہی منتخب ہو کر جرگہ میں آئیں گی اور خواتین کے مسائل کو حل کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ بہت سارے ملکان ہمارے ساتھ متفق ہیں، کام ناممکن ہے لیکن ہم نے ہتھیار نہیں ڈالے، ان کا مائنڈ سیٹ چینج کریں گے اور ان کو راضی کر کے ہی رہیں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button