طورخم بارڈر پر مزدور یونین کا احتجاج، مزدوروں کو بے جا تنگ نہ کرنے کا مطالبہ
پاک افغان طورخم بارڈر پر مزدور یونین کے صدر حاجی فرمان شنواری کی قیادت میں درجنوں مزدوروں نے طورخم بارڈر پر درپیش مشکلات اور سختی کے حوالے سے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں نوجوانان قبائل کے صدر اسرار شنواری اور دیگرعہدیداروں نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر طورخم مزدور یونین کے صدر فرمان شنواری نے کہا کہ طورخم بارڈر پر کام کرنے اور رزق حلال کمانے والے مزدوروں کو بے جا تنگ نہ کیاجائے اور ان کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں اور مزدوروں کے ساتھ تجارتی سامان لانے میں نرمی برتی جائے انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی مہینوں سے طورخم بارڈر کی بندش کے باعث ہزاروں مزدور بے روزگار ہو گئے تھے چونکہ اب حکومت نے طورخم بارڈر کو ہفتہ میں 4دن کیلئے پیدل آمدورفت کیلئے دونوں اطراف سے کھول دیا ہے اور علاقے کے سینکڑوں محنت کش مزدوری کرتے ہیں اس لئے طورخم بارڈر پر تعینات ایف سی ،کسٹم این ایل سی، پولیس اور دیگر زمہ دار حکام مزدوروں کیساتھ خصوصی رعایت کریں اور ان کو بے جا تنگ نہ کیا جائے تاکہ خسارے سے نکل سکیں اور اپنے بچوں کیلئے رزق حلال کما سکیں۔
انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ گزشتہ سات مہینوں سے ہزاروں لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں اب ان پر رحم کرکے روزگار کے مواقع دیں تاکہ ان کی مشکلات میں کمی ہو۔