باڑہ بازار میں تباہ شدہ مکانات کے سروے کے خلاف احتجاج
ضلع خیبر، پاکستان عوامی انقلابی لیگ کے کارکنوں نے باڑہ بازار کے خیبر چوک میں اکاخیل قوم کے تباہ شدہ مکانات کے سروے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاجی مظاہرے سے پاکستان عوامی انقلابی لیگ کے صدر عطاءاللہ آفریدی نے کہا کہ ڈی سی خیبر اور منتخب ایم پی اے اثر و رسوخ کا ناجائز استعمال کر کے اپنے من پسند لوگوں کا سروے کرانے پر تلے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اکاخیل اور دیگر اقوام کے مستحق لوگوں کے گھروں کے سروے میں سی ایل سی پی ٹیم پر یہی لوگ دباؤ ڈال کر سفارشی ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔
عطاء اللہ آفریدی نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سروے ٹیم کو معطل کیا جائے اور سیاسی دباؤ سے مبرّا صاف و شفاف بنیادوں پر ازسرنو سروے ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ صحیح معنوں میں عوام کو ریلیف مل سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہنگامی بنیادوں پر حقدار لوگوں کے مسمار شدہ گھروں کا سروے شروع کیا جائے اور سی ایل۔سی پی ٹیم سروے میں رشوت کے طور پر لوگوں سے پیسے لینا بند کرے۔
پاکستان عوامی انقلابی لیگ کے رہنماء عصمت اللہ آفریدی نے مظاہرین سے مظاہرہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز سے کامیاب مذاکرات کے بعد ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ جلد صاف شفاف طریقے سے بغیر کسی تفریق کے سروے کے عمل کا جائزہ لینے کیلے لائحہ عمل اپنا رہے ہیں جس میں کسی مستحق فرد کی حق تلفی نہیں کی جائے گی۔