خیبرپختونخوا میں کورونا سے ڈاکٹر جاں بحق
خیبرٹیچنگ ہسپتال میں زیرعلاج ڈاکٹردوست محمد کورونا سے وفات پا گئے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر دوست محمد دوران ڈیوٹی کورونا کا شکار ہوئے تھے، دوماہ سے وہ زیرعلاج تھے، گزشتہ روز حالت تشویشناک ہونے پر جانبر نہ ہوسکے۔ ان کی نماز جنازہ آج 11 بجے بازی خیل سٹاپ کوہاٹ روڈ پشاورمیں ہوگی۔
ڈاکٹردوست محمد محکمہ صحت میں ٹی بی کنٹرول پروگرام میں ملٹی ڈرگ ریزسٹنس کے بطورصوبائی کوآرڈینیٹر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 17 جون کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز میں اینیستھیزیا ڈپارٹمنٹ کے ہیڈ ڈاکٹر عباس طارق کورونا سے جاں بحق ہو گئے تھے۔
یاد رہے عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں اموات کی مجموعی تعداد6 ہزار484 ہوگئی ہے اور اب تک3 لاکھ 12 ہزار806 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری تازہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں میں کورونا کے 543نئے کیسز اور 5 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر2 لاکھ97ہزار497 افراد صحتیاب ہوئے اور ملک میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 8ہزار 825 ہے۔
سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار106ہوگئی ہے۔ پنجاب میں99 ہزار497، خیبر پختونخوا میں 37 ہزار811، بلوچستان میں15 ہزار281، اسلام آباد میں16 ہزار611، آزاد جموں و کشمیرمیں 2 ہزار731 اور گلگت میں3 ہزار787 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار235 اور سندھ میں 2 ہزار499 اموات ہو چکی ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 260، اسلام آباد میں 182، بلوچستان میں 146، گلگت بلتستان میں 88 اور آزاد کشمیر میں 74 ہو گئی ہے۔