خیبر پختونخوا

پشاور، پروفیسر ڈاکٹر جہانزیب نیاز مرحوم کی یاد میں تقریب کا انعقاد

پشاور یونیورسٹی کے پشتو اکیڈمی کے مشہور شاعر، ادیب، مصنف، اور دانشور پروفیسر ڈاکٹر جہانزیب نیاز کی پانچویں برسی کے موقع پر مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

پروفیسر جہانزیب نیاز آرگنائزنگ کمیٹی کے زیراہتمام منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی نامور ادیب ہمیش خلیل تھے، ان کے علاوہ مختلف شعراء اور ادیبوں سمیت کثیر تعداد میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور ملازمین جبکہ پروفیسر ڈاکٹر جہانزیب نیاز مرحوم کے فرزند چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز بھی تقریب میں شریک تھے۔

تقریب کے شرکاء نے مرحوم پروفیسر ڈاکٹر جہانزیب نیاز کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ مرحوم اپنے طلباء کے لئے ایک مشعل راہ اور تعلیم نسواں کے بہت بڑے علمبردار تھے اور ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

اس موقع پر مہمان خصوصی ہمیش خلیل کو لائف اچیومنٹ ایوارڈ جبکہ سینئر صحافی، معروف شاعر اور کالم نگار روخان یوسفزئی، امجد علی خادم، زمان ظہیر، شاکر زیب اور فہد احساس کو اپنے اپنے شعبوں میں گرانقدر خدمات پر ”پروفیسر جہانزیب ایوارڈ” دیا گیا۔

علاوہ ازیں گورنمنٹ ہائی سکول رجڑ چارسدہ کی دس پوزیشن ہولڈر مستحق طالبات میں دس، دس ہزار کے نقد انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔

تقریب کے موقع پر وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد عابد نے چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کو اپنی تصنیف پیش کی۔

پروگرام کے آخر میں مرحوم پروفیسر ڈاکٹر جہانزیب نیاز کے فرزند میرویس نیاز نے شرکاء اور پروگرام کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button