سوشل میڈیا پر قابل اعتراض ویڈیو، بونیر میں باپ کے ہاتھوں بیٹا بہو قتل
بونیر میں ڈگر کے گاؤں نوائے کلے میں ایک شخص نے سوشل میڈیا پر قابل اعتراض ویڈیو وائرل ہونے پر اپنے 18 سالہ بیٹے اور 17 سالہ بہو کو قتل کر دیا۔
پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال ڈگر منتقل کر دیا جہاں بعد ازاں لاشوں کو رشتے داروں کے حوالے کر دیا گیا۔
ادھر لڑکی کی والدہ نے ڈگر پولیس کو بتایا کہ 2 بھائیوں سمیت خاندان کے متعدد لوگ ان کی بیٹی اور داماد کے قتل میں ملوث ہیں۔
علاوہ ازیں پولیس نے فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کر کے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کر دیئے۔
دوسری جانب پولیس حکام نے اہل خانہ کے افراد اور گاؤں والوں کے حوالے سے کہا کہ ملزم کو شام میں نماز کے بعد مسجد میں کسی نے ان کے بیٹے اور بہو کی ‘قابل اعتراض ویڈیو’ کے بارے میں بتایا تھا جس کے بعد وہ گھر گیا اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ انتہائی قدم اٹھایا۔