ڈی آئی خان میں بھی اساتذہ میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد 8 تعلیمی ادارے دوبارہ بند
پشاور اور مردان کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی اساتذہ و دیگر سٹاف ممبران میں کورونا وائرس کے ٹسٹس مثبت آنے پر آٹھ تعلیمی ادارے سیل کردئے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد عمیر کے مطابق حالیہ دنوں میں گورنمنٹ ہائی سکول کچی پائندہ خان کے استاد محمد زمان میں 17 ستمبر کو Covid-19 کا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے متعلقہ سکول کو غیر معینہ مدت تک بندکردیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد عمیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اب تک 9 مریضوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس بنا پر گرلز ہائرسکینڈری سکول چاہ سید منور، گورنمنٹ ڈگری کالج پہاڑپور، ہائی سکول نمبر 2 پہاڑپور اور ہائی سکول کلاچی بند کردئے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کی موجودگی پر یہ تعلیمی ادارے تاحکم ثانی بند رہیں گے۔ خیال رہے کہ 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد سے اساتذہ کے مثبت ٹسٹس اور ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر درجنوں ادارے دوبارہ بند کردئے گئے ہیں۔