”اکمل لیونے پشتو ادب کا سرمایہ ہیں، ضائع نہیں ہونے دیں گے”
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر ذیشان خانزادہ خان نے کہا ہے کہ معروف پشتو شاعر اکمل لیونے پشتو زبان اور ادب کا قیمتی سرمایہ ہیں، انہیں ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا، وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ان کی مالی معاونت کا وعدہ کیا ہے۔
مردان سے آئے صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاعر اکمل لیونے اپنا کلام فروخت کرنے کی بجائے پشاور لائبریری کو دے دیں تا کہ یہ سرمایہ ضائع ہونے کی بجائے محفوظ ہو جائے اور آنے والی نسلوں تک پہنچ سکے۔
سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ان کی مالی امداد کا وعدہ کیا ہے جس سے ان کے مسائل حل ہو جائیں گے۔
یاد رہے کہ مردان سے تعلق رکھنے والے اکمل لیونے پشتو زبان کے معروف شاعر ہیں جن کی دس سے زائد شاعری کی کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔
گزشتہ دنوں ٹی این این نے نامور شاعر کے حوالے سے ایک خصوصی رپورٹ شائع کی تھی جس میں اکمل لیونے نے کہا تھا کہ وہ مالی حالات کی خرابی کی وجہ سے اپنا تمام تر کلام فروخت کرنا چاہتے ہیں۔،
سینیٹر ذیشان خانزادہ نے انہیں تسلی دی ہے اور کہا ہے کہ انہیں اپنا کلام کسی کو فروخت کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ وہ پشتو زبان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کے مالی مسائل سرکاری وسائل سے حل کر دیئے جائے جائیں گے وہ اپنی کتابیں پشاور یونیورسٹی کی لائبریری کو عطیہ کر دیں تا کہ ان کا کلام محفوظ ہو جائے اور آنے والی نسلیں اس سے استفادہ کر سکیں۔