رات وہ گھر جا رہا تھا خفیہ دشمن نے اسے قبر میں اتار دیا
ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے دو مختلف علاقوں میں پیش آنے والے الگ الگ واقعات میں دو افراد قتل کر دیئے گئے۔
ذرائع کے مطابق پہلا واقعہ گزشتہ رات قبیلہ ملک دین خیل میں اس وقت پیش آیا جب نور نوید ولد عبدالغفور ملک دین خیل نامی شخص اپنی پی سی او دکان واقع کوہی بازار رات دس بجے کے قریب بند کر کے گھر جا رہا تھا کہ راستے میں گھات لگائے بیٹھے نامعلوم افراد نے اسے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ مقامی پولیس نے لاش تحویل میں لے کر ڈوگرہ ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی اور نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔
ذرائع کے مطابق دوسرا واقعہ قبیلہ سپاہ کے علاقہ گرگرے میں اس وقت پیش آیا جب قبیلہ سپاہ تپہ ورمزخیل سے تعلق رکھنے والا حسن شاہ ولد غرسن شاہ زمینی تنازعہ کے حوالے سے منعقدہ جرگہ میں شرکت کے لئے علاقہ گرگرے گیا تھا جہاں پر نامعلوم افراد نے اسے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کی ٹیم نے موقع واردات پر پہنچ کر لاش تحویل میں لے لی اور ڈوگرہ ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کر دی، وجہ قتل پرانی رنجش بتائی جاتی ہے۔