‘قبیلہ ملک دین خیل عمر خان خیل کے افراد ہماری 50 ایکڑ آبائی جائیداد پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں’
‘ قبیلہ ملک دین خیل کے ذیلی شاخ عمر خان خیل کے مسلح افراد نے ہم پر حملہ کیا جن میں ہمارے 5 افراد زخمی ہوگئے، مسلح افراد عارف، محراب، محبوب، مقبلی اور زیت اللہ کی قیادت میں ہم پر حملہ آور ہوئے’ یہ باتیں قبیلہ کمر خیل کے حاجی یار جان نے دیگر مشران کیساتھ باڑہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حملہ آوروں کے خلاف حکومت کاروائی کریں تاکہ وہ مزید بد امنی نہ پھیلائیں۔ قبیلہ کمر خیل کے ذیلی شاخ خوئیداد خیل کے مشران نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ قبیلہ ملک دین خیل عمر خان خیل کے افراد ہماری تقریباٙٙ 50 ایکڑ آبائی جائیداد واقع تیراہ تند اور علاقہ جبین پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں جبکہ ہمارے ان کے ساتھ حکومتی اور آفریدی اقوام کے زیر انتظام پہلے ہی جرگے ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ان مسلح افراد کے خلاف کاروائی کرے بصورت دیگر ہم ان کے خلاف مزاہمت پر مجبور ہو جائینگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں دو شدید ہیں جبکہ تین زخمیوں کو علاج کے بعد فارغ کیا جا چکا ہے جس کی ایف آئی درج کی جا چکی ہے۔ پریس کانفرنس کے دیگر شرکاء میں حاجی محمد اشرف، حاجی عبداللہ، حاجی خان مدار، فولاد خان اور خیال نور سمیت دیگر شامل تھے۔