‘مدینہ کی ریاست والوں نے ضم اضلاع کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کردیا ہے’
پاکستان پیپلز پارٹی باجوڑکے زیر اہتمام خار میں موجودہ حکومت کی جانب سے ضم اضلاع کو نظر انداز کئے جانے ، مہنگائی اور کرپشن کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی نائب صدر اور سابقہ ایم این اے سید اخونزادہ چٹان ، شہاب الدین شہاب ، ملک خانزیب سمیت دیگر رہنماؤں نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینکڑوں کارکنان نے شرکت کی۔
مقررین نے کہا کہ فاٹا انضمام کے وقت کئے جانے والے وعدوں کو پورا کرنے کے بجائے ہم پر ٹیکسز لاگو کردیئے گئے ہیں۔مدینہ کی ریاست والوں نے ضم اضلاع کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کردیا ہے۔یہاں عوام کے ساتھ وعدہ کیا گیا کہ سالانہ 100ارب روپے ملنے سمیت ان پر کسی قسم کے ٹیکسز لاگو نہیں ہوں گے مگر یہاں کہانی اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع میں فاٹا انضمام پر عملدرآمد کیلئے تحریک کا آغاز کرچکے ہیں، یہ آغاز ہے انجام اپنے مقاصد کا حصول ہوگا۔ہم اس وقت تک ٹیکسز ادا نہیں کریں گے جب تک حکومت ضم اضلاع کیلئے این ایف سی ایوارڈ کی ادائیگی نہیں کرتی۔
مدنی ریاست کے دعویداروں پر کرپشن کے کیسز ہیں ، سرکاری ہیلی کاپٹر کا کیس ہے ، ہیلی کاپٹر کو کباڑ بنادیا، کون پوچھے گا۔حکومت نیب کے ذریعے معزز سیاستدانوں کی کردار کشی کررہی ہے ، احتساب کے نام پر کردار کشی بند کی جائے۔ صوبائی وزیر صحت تیمور خان جھگڑا کے دورہ باجوڑ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سید اخونزادہ چٹان نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت باجوڑ کیلئے کوئی پیکج لانے کے بجائے صرف ایم ایس کی تبدیلی پر اکتفا کیا حالانکہ یہ کام وہاں سے بھی کرسکتے تھے۔
نئے ایم ایس سابقہ ادوار میں یہاں ہسپتال کے انتظامی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں اور کرپشن کے بادشاہ کے طور پر شہرت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ باجوڑ میں پارلیمنٹرین اپنا کام بھول کر رشوت کیلئے پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خار ہسپتال کی تباہی میں موجودہ ایم این ایز کا کردار واضح ہے ، صرف گذشتہ چند سالوں میں 8 ایم ایس تبدیل ہوچکے ہیں ، صرف چہرے تبدیل ہورہے ہیں ، قصہ وہی پرانا۔موجودہ ڈی ایچ او او ایم ایس خار ہسپتال کے پوسٹ پر نان لوکل جونیئر کو تعینات کرکے لوکل سنیئرز ڈاکٹروں کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا۔