”ضم اضلاع کے تعلیمی اداروں کی بحالی کیلئے 3 ارب روپے منظور کئے گئے ہیں”
ایڈیشنل ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا محمد فرید خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ضم اضلاع کی ترقی کے لئے سنجیدہ ہے، صوبائی حکومت نے ضم اضلاع کے تعلیمی اداروں کی بحالی کے لئے 3 ارب روپے منظور کئے ہیں۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور ایڈیشنل ڈپٹی ڈائریکٹر محمد فرید خٹک نے گزشتہ روز ضلع خیبر کے ہیڈکوارٹر لنڈیکوتل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف پرائیمری سکولوں کا معاینہ کیا اور سکولز سٹاف سے ملاقات کی۔
علاقہ اشخیل میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد فرید خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلی محمود خان کی قیادت میں ضم اضلاع کے تعلیمی اداروں کی بحالی اور مرمت کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے ضم اضلاع کے سکولوں کی بحالی، مرمت کے لئے 3 ارب روپے منظور کئے ہیں، ضلع خیبر بشمول لنڈیکوتل کے سکولوں کے لئے بھی کروڑوں روپے فنڈ ان کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل ہو چکے ہیں، اس فنڈ کے استعمال سے ان سکولوں کی حالت بہتر ہو جائے گی، صوبائی حکومت بھی چاہتی ہے کہ قبائلی بچے بھی دیگر علاقوں کی طرح پرامن اور خوشگوار ماحول میں تعلیم حاصل کریں۔
اس موقع پر محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول اشخیل میں دو اور گورنمنٹ پرائمری سکول بوائز اشخیل میں ایک اضافی کمرہ تعمیر کرنے کی منظوری دی، مذکورہ سکول میں بجلی اور پانی سپلائی کے لئے فنڈ فراہم کرنے کی منظوری بھی دی۔
انھوں نے کہا کہ ان سکولز میں طلبہ و طالبات کی تعداد زیادہ ہے اس لئے ان سکولوں میں جلد اضافی کمرے تعمیر کئے جائیں گے تاکہ یہاں بچے اور بچیاں پرسکون اور خوشگوار ماحول میں تعلیم حاصل کریں۔
محمد فرید خٹک نے اساتذہ کرام پر زور دیا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت میں ایمانداری سے کام لیں اور اپنی ڈیوٹی بہترین انداز میں انجام دیں، سکولوں کی اپنے گھروں اور حجروں کی طرح حفاظت کریں اس لئے کہ یہاں ہمارے ہی بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مثل خان شلمان کا کہنا تھا کہ ہم صوبائی حکومت کے نہایت مشکور ہیں جس نے ضلع خیبر کے سکولوں کی مرمت کے لئے 3 کروڑ 37 لاکھ روپے جاری کئے ہیں، جب یہ رقم ایمانداری سے سکولوں پر خرچ ہو گی تو ہمارے بچے انتہائی پرسکون ماحول میں زیور تعلیم سے آراستہ ہوں گے۔
انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا شکریہ ادا کیا جس نے ضم اضلاع کے لئے اربوں روپے فنڈز کی منظوری دی ہے۔
مقامی لوگوں اور فلاحی تنظیموں کے مشران نے خیبر پختونخوا حکومت کا ضم اضلاع کے سکولوں کی مرمت و بحالی کے لئے اربوں روپے فنڈز منظور کرنے کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے یہ مطالبہ کیا کہ جن سکولوں کے لئے فنڈ جاری نہیں ہوئے ان سکولوں کے لئے بھی جلد فنڈز ریلیز کئے جائیں۔