چترال میں 103 سالہ شخص نے کورونا وائرس کو شکست دے دی
ضلع اپر چترال کے پہاڑی علاقے کے 103 سالہ شخص نے کورونا وائرس کو شکست دے دی۔
پہاڑی علاقے کے بونی گاؤں سے تعلق رکھنے والا عزیز عبدالعلیم کے حوالے سے آغا خان ہیلتھ سروس ایمرجنسی رسپونس سنٹر کے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں دو ہفتے پہلے کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد داخل کردیا گیا تھا جبکہ اب مکمل صحتیاب ہونے پر ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
ایمرجنسی رسپونس سنٹر کے انتظامیہ کے مطابق 103 سالہ مریض اضافی اکسیجن کی فراہمی کے بغیر ہی صحتیاب ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عبدالعلیم کو زیادہ عمر کی وجہ سے ہائی رسک مریض کے طور پر علاج فراہم کیا گیا اور اس دوران انہیں میڈیکل کے ساتھ ساتھ نفسیاتی طور پر مضبوط رہنے کے لئے باقاعدگی سے مشورے بھی دئے جاتے رہیں جو کہ اس بیماری میں بہت ضروری ہوتے ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے عبدالعلیم کے بیٹے سہیل کا کہنا تھا کہ ان کے والد میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد وہ لوگ بالکل ناامید ہوگئے تھے اور انہیں ایسا لگ رہا تھا کہ ان کے بچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ہسپتال سے ڈسچارج ہوتے وقت ان کا تمام خاندان اور بالخصوص ان کا والد نہایت خوش ہیں اور ڈاکٹروں کا شکر گزار ہیں کہ ان کا زیادہ خیال رکھا۔
خیال رہے کہ چترال کے دونوں اضلاع میں ابھی تک مجموعی طور پر کورونا کے 362 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں صرف 3 کی اموات ہوئی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے کل کیسز 32 ہزار 523 ہوگئے ہیں جن میں 25 ہزار 582 صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جبکہ وائرس سے مجموعی اموات 1153 تک پہنچ گئی ہیں۔