قبائلی اضلاع

‘اکاخیل ٹرمینل کی دوسری جگہ منتقلی کسی صورت قابل قبول نہیں’

ضلع خیبر باڑہ بازار میں اکاخیل ٹرمینل کی بندش اور اسکو باڑہ سے منتقل کرنے کے خلاف آل سیاسی پارٹی اتحاد کے زیر اہتمام احتجاجی جلسہ کیا گیا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی و ڈیڈک چیئرمین خیبر محمد شفیق آفریدی سمیت دیگر سیاسی پارٹیوں کے عہدیداروں نے شرکت کی جس میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی نائب صدر عمران آفریدی، سابقہ وفاقی وزیر و سینیٹر حمیداللہ جان آفریدی، جماعت اسلامی باڑہ خان ولی، سلطان اکبر، پی پی پی کے جاوید آفریدی، خیبر یونین پاکستان کے زاہداللہ، جمعیت علماء اسلام کے عبدالعزیز اور بر قمبر خیل قومی کونسل کے چیئرمین حاجی سعیداللہ نے شرکت کی۔

احتجاجی دھرنے سے شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بد امنی کی وجہ سے باڑہ میں کاروبار مکمل طور پر ختم ہوا تاہم لوگوں نے صفر سے روزگار شروع کیا اور اب تھوڑا بہت روزگار شروع ہو چکا ہے تو اب بعض لوگ اسکو تباہ کرنے لگے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ سینیٹرتاج محمد باڑہ میں موجود اکاخیل ٹرمینل کو جمرود یا لنڈی کوتل منتقل کرنے کی تگ و دو میں ہیں جو ان کو کسی صورت قابل قبول نہیں، انہوں نے کہا کہ باڑہ اکاخیل میں ٹرانسپورٹ ٹرمینل کسی صورت دوسرے علاقے منتقل نہیں کرنے دینگے اور بے بنیاد الزامات لگانے والے اس علاقے کے عوام کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ باڑہ کے عوام بالخصوص قبیلہ اکاخیل کے متاثرہ لوگوں کو روزگار کا موقع ملا ہے جبکہ کچھ عناصر ذاتی مفاد کی خاطر خیبر میں قبیلوں کے درمیان بد امنی پیدا کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ شرکاء نے تنبیہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس ٹرمینل کو کسی اور علاقے میں منتقل کیا گیا تو پھر باڑہ کے علاقے کو استعمال کرنے کی بجائے ضلع پشاور کے رنگ روڈ کو استعمال کیا جائے۔ واضح رہے کہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے مزاکرات کے شروع کرنے پر دھرنا ختم کیا گیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button