خیبر پختونخوا

الخدمت فاؤنڈیشن, پریس کلب پشاور میں فری اینٹی باڈی ٹسٹ کیمپ

الخدمت فاؤنڈیشن نے حالیہ کورونا وباء کے دوران پہلے دن سے فرنٹ لائن پرنمایاں خدمات سرانجام دینے والے پشاور کے صحافیوں کیلئے پشاور پریس کلب میں ایک روزہ مفت اینٹی باڈی ٹسٹ کیمپ کا انعقاد کیا جس میں پشاور کے مختلف اخبارات اور میڈیا ہاؤسز سے وابستہ 46 صحافیوں کے اینٹی باڈی ٹسٹ کئے گئے۔

اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص نے پشاور پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ کورونا وباء کے دوران الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا نے پہلے دن سے کرونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال کے تناظر میں تمام اضلاع کے ضلعی صدور کو ہدایت جاری کی کہ اضلاع کی سطح پر متعلقہ ریاستی اداروں کی بھرپور معاونت اور ورکنگ ریلشن شپ کے زریعے مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں اس وباء پر قابو پانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اپنی جدوجہد تیزتر کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن نے صوبے کے مختلف اضلاع میں قائم صحت کے پانچ ادارے جو کہ 105 بستروں پر مشتمل ہیں محکمہ صحت کو پیش کئے، دوسرے مرحلے میں صحت کے آٹھ اداروں کے 135 بیڈز آئسولیشن کے لئے آفر کئے، ایمرجنسی کی صورت میں الخدمت فاؤنڈیشن صحت کے 21 ادارے بمعہ 4 آغوش ہومز جن کی کل گنجائش 800 بیڈز کی تھی محکمہ صحت کو پیش کئے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں موجود اپنے 91 ایمبولینس گاڑیاں، ہسپتال اور دیگر طبی ادارے اور 7200 سے زائد تربیت یافتہ رضاکاروں کی خدمات بھی حکومت کو غیر مشروط طور پر پیش کئے ہیں، بھر کی طرح صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے اختیاطی تدابیر اپنانے کے لئے مسلسل آگاہی مہم چلا رہے ہیں۔

خالد وقاص کے مطابق الخدمت نے کورونا سے متعلق آگاہی مہم،لاک ڈاؤن کے دوران فوڈ پیکجز کی فراہمی، وینٹی لیٹرز سمیت اپنے ہسپتالوں اور آغوش ہومز میں آئسولیشن سنٹرز کا قیام عملی بنا کر حکومت کے ساتھ عملی تعاون کے بعد الخدمت ہسپتال نشتر آباد میں شروع کئے گئے اینٹی باڈی ٹسٹ کی سہولت نجی لیبارٹریوں کے مقابلے میں آدھی فیس پر مہیا کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے

انہوں نے کہا کہ حالیہ کورونا وباء کے دوران اورسیز پاکستانیوں کے لئے تین ماہ بعد فضائی سروس بحالی کے موقع پر بھی الخدمت فاؤنڈیشن نے اپنی گرانقدر خدمات کو جاری رکھا اور پشاور، اسلام آباد اور لاہور ایئر پورٹ سے اورسیز پاکستانیوں کی 75 میتوں کو بغیر کسی معاوضے کے الخدمت ایمبولینس سروس کے زریعے آبائی علاقوں تک پہنچایا،  پشاور شہر کے قلب نشترآباد میں واقع الخدمت ہسپتال میں جدید پی سی آر مشین کی تنصیب کر کے کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تشخیص کے لئے صرف 4000 روپے میں کورونا ٹسٹ کی سہولت فراہم کی ہے، واضح رہے کہ یہی ٹسٹ دیگر ادارے 8 سے 10 ہزار روپے میں کر رہے ہیں۔

اس موقع پر پشاور پریس کلب انتظامیہ کی درخواست پر الخدمت فاؤنڈیشن نے پریس کلب کے مستحق ممبران کو ریلیف کی فراہمی سمیت علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایک معاہدہ بھی کیا جس پر الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص اور پشاور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عمران یوسفزئی نے دستخط کئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button