‘تیراہ ہیڈ کوارٹر اورکزئی ٹرانسپورٹ اڈہ تنازعہ شدت اختیار کررہا ہے’
ضلع خیبر تیراہ ہیڈ کوارٹر اورکزئی ٹرانسپورٹ اڈہ تنازعہ شدت اختیار کرگیا ہے، ڈی سی خیبر اور ڈی سی اورکزئی، ڈی پی او خیبر و اورکزئی مسئلے کا فوری نوٹس لیں۔ ان خیالات کا اظہار خیبر یونین پاکستان کے صدر حاجی مجیب الرحمن آفریدی نے اپنے ایک اخباری بیان جاری کرتے ہوئے کیا۔
حاجی مجیب الرحمن آفریدی نے انتظامیہ سے اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تیراہ ہیڈ کوارٹر اورکزئی ٹرانسپورٹ اڈہ تنازعہ شدت اختیار کر رہا ہے جو کسی بھی وقت بڑے خون خرابے کا باعث بن سکتا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اورکزئی ہیڈ کوارٹر ٹو باڑہ ٹرانسپورٹ اڈے میں وہاں رہائش پذیر آفریدی اقوام کے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ امتیازی سلوک ناقابل برداشت ہے، اورکزئی ٹرانسپورٹر قومیت کے نام پر آفریدی اقوام کی تذلیل کر رہے ہیں اور اورکزئی سے تعلق رکھنے والے ٹرانسپورٹرز باڑہ میں اڈے کو استعمال کرتے ہیں جبکہ اورکزئی میں آفریدی ٹرانسپورٹرز کو اڈہ استعمال نہیں کرنے دیا جارہا ہے جو افسوسناک ہے۔
انہوں نے انتظامیہ سے اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈی سی خیبر محمود اسلم اور ڈی پی او خیبر ڈاکٹر اقبال سے نوٹس لینے اور ضلع اورکزئی کے ضلعی انتطامیہ سے رابطہ کرنے اور مسئلہ فوری حل کرنے پر زور دیا ہے۔