لوئردیر: پولیس وین پرنامعلوم افراد کی فائرنگ، اے ایس آئی جاں بحق
لویر دیر کے تحصیل منڈہ میں پولیس وین پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اے ایس آئی نصیر خان جاں بحق جبکہ ایک پولیس کانسٹیبل الطاف حسین گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تھانہ منڈہ کی پولیس وین معمول کے مطابق جمعہ کی شب گشت پر تھی کہ غنم شاہ کے مقام پر نامعلوم افراد نے پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر نصیرخان گولیاں لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک پولیس جوان الطاف حسین شدید زخمی ہوگیا جسکو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منڈا منتقل کر دیا گیا۔
واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے ۔دوسری جانب جاں ائے ایس ائی کی نماز جنازہ پولیس لائن تیمرگرہ میں سرکاری اعزاز کیساتھ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈی پی او عبدالرشید، ایس پی انوسٹیگیشن وقارخان، ضلع کے جملہ ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز بشمول بڑی تعداد میں پولیس اہلکاران و افسران موجود تھے۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی جبکہ شہید کے جسد خاکی پر ڈی پی او لوئردیر کی جانب سے پھول رکھ دئے گئے۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز صوابی میں بھی پولیس اور اشتہاریوں کے درمیان مقابلے کے دوران ڈی ایس پی شہید جبکہ ان کے دو گن مین زخمی ہوگئے تھے۔ مقابلے کے دوران پولیس کی جوابی فائرنگ سے اشتہاری ملزم نصیر بھی ہلاک ہوگیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نصیر 2019 سے پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھا، اس کی موجودگی کی اطلاع پرپولیس نے کالو خان احد کلے میں ایک مکان پرچھاپہ مارا جس کے دوران پولیس اور اس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مقابلے کے دوران اشتہاری کی فائرنگ سےڈی ایس پی رزڑ علامہ اقبال جاں بحق ہوگئےجبکہ فائرنگ سے ڈی ایس پی کے دو گن مین دو پولیس اہلکارطیب اورشاہ فیصل خان شدیدزخمی ہوگئے۔ مقابلے کے دوران پولیس کی جوابی فائرنگ سے اشتہاری ملزم نصیر بھی ہلاک ہوگیا۔