قومی

شکایات سنی گئیں، پاکستان میں آن لائن گیم پب جی پر پابندی عائد

پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں مقبول آن لائن گیم پب جی پر عارضی پابندی عائد کردی ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پلیئر ان نون بیٹل گراؤنڈ (پب جی) گیم مختلف حلقوں کی جانب سے مسلسل شکایات کے بعد عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ موصول شکایات میں کہا گیا تھا کہ یہ گیم اپنا عادی بنادیتی ہے، وقت کا ضیاع اور بچوں کی ذہنی اور جسمانی صحت پر نگین منفی اثرات کا باعث بنتی ہے۔‎

پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ حالیہ رپورٹس کے مطابق پب جی گیم کے حوالے سے خودکشی کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے بھی پی ٹی اے کو شکایت کرنے والوں سے بات کرکے اس معاملے کو دیکھنے اور فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اس حوالے سے ایک سماعت 9 جولائی 2020 کو ہورہی ہے۔

پی ٹی اے نے آن لائن گیم کے حوالے سے لوگوں کی رائے جاننے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور عوام کو 10 جولائی تک [email protected] پر رائے دینے کا کہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کے دوران پب جی کھیلنے کے عادی 3 نوجوانوں نے خودکشیاں کرلی تھیں۔

لاہور میں ایک واقعہ چند دن پہلے ہی پیش آیا تھا جس میں اٹھارہ سالہ نوجوان نے خودکشی کی تھی۔

اس لڑکے نے خودکشی نوٹ میں کہا تھا کہ پب جی ایک قاتل گیم ہے۔ خود کو پھانسی دینے سے پہلے اس لڑکے نے کسی لڑکی کو ویڈیو کال بھی کی تھی اور پولیس رپورٹ کے مطابق اس نے لڑکی کو انتہائی قدم اٹھانے کے مناظر دکھائے تھے۔ پولیس اس لڑکی کو ڈھونڈ رہی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button