مردان: 5 علاقوں سے سمارٹ لاک ڈاؤن ختم، 3 میں نافذ
مردان میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے علاقوں میں کورونا کیسز میں واضح کمی کے بعد 5 علاقوں سے سمارٹ لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر مردان محمد عابد خان وزیر کے مطابق اس حوالے سے ایک اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن دامن کوہ تخت بھائی، تحصیل روڈ کاٹلنگ، شیخ ملتون سیکٹر اے، جان آباد اور بجلی گھر میں کورونا کیسز زیادہ ہونے کی بنیاد پر لگایا گیا تھا، 14 دن کی معینہ مدت پوری ہونے اور ان علاقوں میں کورونا وائرس کے کوئی مثبت کیس نہ آنے پر درجہ بالا 5 علاقوں سے لاک ڈاون ختم کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
سمارٹ لاک ڈاون کے دوران علاقہ مکینوں کے مکمل تعاون سے کوئی نیا کیس نہیں آیا، پرانے کیسز میں واضح کمی آئی اور مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ، ضلعی پولیس و دیگر محکموں کے ساتھ عوام کی جانب سے تعاون پر شکریہ اور عوام کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق تین علاقوں لوند خوڑ، شیخ ملتون سیکٹربی اور سیکٹر جی میں بھی دس دنوں کے لیے سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے جو بدستور جاری ہے۔
دوسری جانب مردان کی ضلعی انتظامیہ نے مزید تین علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے، کوروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مردان کے علاقوں محبت آباد ،شہری علاقہ پیرانوڈاگہ مردان خاص اور کاروان روڈ میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا جہاں کوروناوائرس کے مثبت کیسز آئے تھے۔
واضح رہے کہ مردان میں اب تک کورونا وائرس سے 56 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، 1080 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 570 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔