شمالی وزیرستان: پولیس پوسٹ پردہشت گردوں کا حملہ ناکام
شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر کے قریب پولیس پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا۔
ڈی ایس پی اعظم خان کے مطابق دہشت گردوں نے تحصیل سپین وام میں پاک افغان بارڈرکے قریب ٹی ٹی مداخیل کے علاقے میں قائم پولیس پوسٹ پرحملہ کیا مگر پولیس نے بھرپور اور بروقت جوابی کارروائی کرکے اسے ناکام بنادیا۔
ڈی ایس پی اعظم خان نےبتایا کہ حملے میں پولیس فورس کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور دہشتگرد قریبی پہاڑوں میں فرار ہوگئے جن کی تلاش کے لیے سیکیورٹی اداروں کا مشترکہ گشت جاری ہے۔
واضح رہے پیر کی صبح پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہےجس کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشتگرد مارے گئے۔
پولیس کے مطابق پیر کی صبح 10 بجے کے قریب 4 دہشتگردوں نے پہلے سٹاک ایکسچینج کے گیٹ پر دستی بم حملہ کیا اور پھر اندھا دھند فائرنگ کردی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور آپریشن شروع کردیا۔
پولیس کا بتانا ہےکہ دہشت گردوں کےحملے میں 2 شہری جاں بحق ہوئے جب کہ ایک پولیس سب انسپکٹر سمیت سٹاک ایکسچینج کے 4 سیکیورٹی گارڈ بھی شہید ہوگئے، اس کے علاوہ پولیس اہلکار سمیت 7 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق پولیس اور رینجرز اہلکار سٹاک ایکسچینج میں داخل ہوئے اور فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جب کہ ایک دہشتگرد کو سٹاک ایکسچینج کے ہال میں مارا گیا۔ حملے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے قریبی علاقوں کا بھی مکمل محاصرہ کرلیا جب کہ حملے کے بعد آئی آئی چندریگر روڈ کو میری ویدرٹاور اور شاہین کمپلیکس سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حملے میں اب تک 6 ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں 2 عام شہری جاں بحق ہوئے جب کہ 4 دہشت مارے گئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ دہشت گرد جدید اسلحہ سے لیس تھے اور ان کے پاس بارودی مواد سے بھری جیکٹیں بھی موجود تھیں۔