پاکستان میں کورونا کیسز 2 لاکھ، اموات 4 ہزار سے متجاوز، ٹیسٹنگ میں کمی
پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ دو ہزار 742 تک پہنچ گئی ہے جبکہ وائرس سے اموات کی تعداد بھی 4 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
گزشتہ روز ملک میں کورونا سے مزید 112 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4116 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق اب تک پنجاب میں کورونا سے 1673 اور سندھ میں 1243 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 914 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 114 ، اسلام آباد میں 120 ، گلگت بلتستان میں 24 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں
گزشتہ روز ملک بھر سے کورونا کے مزید 5018 کیسز اور 112 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن میں پنجاب سے 2215 کیسز 44 ہلاکتیں، سندھ سے 1949 کیسز اور 38 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 437 کیسز 24 اموات، اسلام آباد 225 کیسز ایک ہلاکت، بلوچستان سے 145 کیسز ایک ہلاکت، آزاد کشمیر سے 41 کیسز اور 3 ہلاکتیں جبکہ گلگت بلتستان سے 6 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اپریشن سنٹر اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں عوام کی جانب سے کورونا کے ٹیسٹنگ ڈیمانڈ میں کمی آئی ہے اور لوگ خود کو گھروں میں خودساختہ تنہائی (آئسولیشن) اختیار کرنےکو ترجیح دے رہے ہیں۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق عدالتوں میں حفاظتی تدابیر کا سب سے زیادہ خیال رکھا جا رہا ہے جب کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ضابطہ کار (ایس او پیز) پر عمل درآمد کم رہا ہے اورمارکیٹس اور شاپنگ مالز میں بھی حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کے لیے مزید کوششیں کرنا ہوں گی۔
اس موقع پر اسدعمر کا کہنا تھا کہ حفاظتی تدابیر خاص طور پر فیس ماسک اور سماجی فاصلوں پر عمل کرانا ہوگا، جہاں جہاں صوبوں کو وفاقی حکومت کی مدد درکار ہے کریں گے، بلوچستان میں ٹیسٹ مشینوں اور کٹس کی ضرورت ہوئی تو ہر ممکن مدد کریں گے۔