پی ایس ایل: آئندہ ایڈیشن میں پشاور کو بطور پانچواں وینیو شامل کیا جائے گا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز (بی او جی) نے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کو کمرشل ڈپارٹمنٹ سے علیحدہ کرکے ایک الگ ڈیپارٹمنٹ بنانے کی منظوری دے دی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا 58 واں اجلاس بذریعہ ویڈیو لنک ہوا جس کی صدارت چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کی۔ بی او جی نے پاکستان سپر لیگ 2020 کے 30 میچوں کے کامیاب انعقاد پر پی سی بی کو مبارکباد پیش کی۔
بی او جی کو بتایا گیا ہے کہ پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز کے رواں سال انعقاد کے لیےمنصوبہ بندی کررہے ہیں اور لیگ کے آئندہ ایڈیشن میں پشاور کو بطور پانچواں وینیو شامل کیا جائے گا جب کہ یہ ایڈیشن فروری اور مارچ 2021 میں منعقد ہوگا۔
بورڈ آف گورنرز نے پی ایس ایل کو کمرشل ڈپارٹمنٹ سے علیحدہ کرکے ایک الگ ڈیپارٹمنٹ بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ پی ایس ایل کے پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید اس شعبے کی سربراہی جاری رکھیں گے اور وہ اس دوران تمام اسٹیک ہولڈرز سے تعلقات مزید بہتر کرنے اور ایک معیاری ایونٹ کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیےہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔
اس حوالے سے ایک نگران گروپ تشکیل دیا گیا ہے جس میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو، چیف آپریٹنگ آفیسر، چیف فنانشل آفیسر اور ڈائریکٹر کمرشل شامل ہیں۔