پشاور: سی ٹی ڈی آپریشن کے دوران چار مبینہ دہشت گرد ہلاک
پشاور میں پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گرد علاقہ غازی آباد کے ایک مکان میں چھپے ہوئے تھے جس کی اطلاع ملنے پر چھاپہ مارا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گھر پر چھاپے کے دوران دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس کے بعد فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔ سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں سے 4 کلاشنکوف، 6 دستی بم اور سیکڑوں کارتوس بر آمد ہوئے ہیں۔
محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور کیساتھ جھڑپ میں ہلاک ہونے والے 4دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ہے جن میں سے ایک کا تعلق ضلع خیبر جبکہ 3 کا پشاور سے ہے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں ذاکر اللہ ولد عاشق خان ساکن اکاخیل ورسک روڈ پشاور، عرفان اللہ ولد لائق شاہ ساکن نالہ کھجوری باڑہ ضلع خیبر، ثاقب ولد ولایت خان اور اور اسد ولد مثل خان ساکنان حبیب زئی ادینزئی متنی پشاور شامل ہیں۔
آئی جی خیبر پخنونخوا ثناء اللہ عباسی کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔