گھر کی دہلیز پر منشیات فراہم کرنے والے گروہ کے تین ارکان گرفتار
کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے کامیاب کارروائیوں کے دوران اندرون شہر موبائل فون پر آرڈر حاصل کر کے گھر کی دہلیز پر منشیات فراہم کرنے والے منظم گروہ کا سراغ لگا کر تین ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے مجموعی طور پر 6 کلو گرام سے زائد چرس اور ہزاروں روپے مالیت کی آئس بھی برآمد کر لی گئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق پشاور کے مختلف علاقوں سے ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات فروشی میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاعات پر مختلف کارروائیوں کے دوران اندرون شہر، سبزی منڈی، گھنٹہ گھر اور دیگر شہری علاقوں میں منشیات سپلائی کرنے والے منظم گروہ کا سراغ لگا کر تین ملزمان زبیع اللہ ولد رحمان خان سکنہ پیر بالا، آفتاب ولد اقبال سکنہ ہند کو دامان اور اسحاق ولد عمر گل سکنہ ولی آباد کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ہونے اور موبائل فون پر مخصوص گاہک سے آرڈر حاصل کر کے ان کو گھر کی دہلیز پر منشیات سپلائی کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔