آل سیاسی اتحاد شمالی وزیرستان کا قیام امن کے لیے تحریک چلانے کا اعلان
آل سیاسی اتحاد شمالی وزیرستان نے ضلع میں امن وامان و درپیش مسائل کے حل کیلئے تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔ اُنہوں نے مشترکہ فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ بدھ کو دوبارہ اجلاس طلب کرلیا، اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی سربراہی سیاسی اتحاد شمالی وزیرستان کے سابق قائم مقام چیئرمین پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مرحوم ملک غلام خان وزیر کے فرزند ملک رحمت اللہ وزیرنے کی اس موقع پرقومی وطن پارٹی کے ملک اکبر خان ,پی ٹی آئی کے ملک نورخان ,اے این پی کے ملک نثار علی خان,ملک عبدالخلیل , پی پی پی کے ملک اصغر داؤڑ, جماعت اسلامی کے ملک امشاد اللہ, جے یو آئی کے الحاج احمد سعید,مولانا محمدرومان,مولانا رشید اللہ, مولانا محمد عالم ,پی پی پی کے اقبال خان وزیر,مسلم لیگ ن کے ملک نظرالدین ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آل سیاسی اتحاد کسی فرد کے خلاف تحریک نہیں چلائے گا بلکہ شمالی وزیرستان کے مسائل کے حل کیلئے کوشش کرے گا۔
سیاسی اتحاد شمالی وزیرستان نے علاقے کی ترقی اور امن وامان کے قیام کیلئے بہت کوشش کی ہے اور آئندہ بھی کوشش کرے گاآل سیاسی پارٹی اتحاد نے17 جون کو دوبارہ مشترکہ اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں آئندہ کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کی ترقی اور پرامن وزیرستان بنانا تمام سیاسی پارٹیوں کے اتحاد کی ذمہ داری ہے اور ہر وزیرستانی کا بھی یہی فرض بنتا ہے کہ علاقے میں مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرے۔ شمالی وزیرستان کی سیاسی پارٹیوں کے اتحاد کا مقصد شمالی وزیرستان اور وزیرستانی قوم کو فائدہ پہنچانا ہے ضلع شمالی وزیرستان کے عوام کو حکمرانوں نے دھوکہ دیا ہے مگر اب عوام بیدار ہوچکے ہیں مزید کسی کے دھوکے میں نہیں آئیں گے سیاسی اتحاد شمالی وزیرستان میں سیاست نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کرے گا اُنہوں نے کہا کہ آنے والے اجلاس میں نئی کابینہ تشکیل اور نئی پالیسوں کا اعلان کیا جائے گا۔