‘پاکستان میں کورونا سے انتقال کرجانے والے 74 فیصد افراد کو دیگر امراض بھی لاحق تھے’
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا سے انتقال کرجانے والے 74 فیصد افراد کو دیگر امراض بھی لاحق تھے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ حکومت کورونا کے خلاف مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے جبکہ ماسک کے استعمال سے 60 فیصد تک بیماری کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے، تحقیق کے مطابق ماسک کا درست استعمال کورونا کی روک تھام میں معاون ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات پر بھی ماسک کا استعمال ضروری ہے، پر ہجوم مقامات پر ماسک کا استعمال ضروری قرار دیا گیا ہے جبکہ ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور ان کے خلاف سزا کا تعین صوبائی حکومتیں کریں گی۔
ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ کورونا سے جاں بحق افراد کی عمریں 75 سال سے زیادہ تھیں، ملک میں کورونا سے اب تک جتنی اموات ہوئیں، ان میں سے 74 فیصد کو دیگر امراض لاحق تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ کورونا سے ہونے والی 74 فیصد اموات 50 سال سے زیادہ اور پہلے سے بیمار افراد کی ہیں لہٰذا معمر اور بیمار افراد کا کورونا سے بچاؤ زیادہ ضروری ہے۔ خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث اموات 2 ہزار جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔