خیبرپختوںخوا میں سیاحت کا شعبہ فوری طور پر کھولنے کا فیصلہ
خیبرپختونخوا حکومت نے ائندہ دو روز میں سیاحتی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اعظم خان سواتی نے مانسہرہ میں میڈیا کارکنان سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ محمود خان نے مشترکہ طور پر منگل سے صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں پر سے عائد پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی معیشت کا سیاحت کی صنعت پر بہت انحصار ہے اور کورونا کی وجہ سے عائد پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ اسی تناظر میں کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف کاغان کی سیاحت کی بات کی جائے تو کورونا وائرس کی وجہ سے عائد لاک ڈاؤن اور پابندیوں نے ہزاروں لوگوں کو بیروزگار کردیا ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چند روز قبل واضح کردیا تھا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن جاری رہے گا لیکن ملک مزید مکمل لاک ڈاؤن کا محتمل نہیں ہوسکتا اور مزید یہ کہ ہمیں کچھ عرصہ کورونا وائرس کے ساتھ ہی رہنا ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ صوبہ خیبرپختوںخوا میں سیاحت کا شعبہ بھی جلد ہی کھول دیا جائے گا لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ صوبائی حکومت متعلقہ اداروں کے ساتھ احتیاطی تدابیر کے سلسلے میں ضابطہ کار بنائے.
اعظم سواتی نے یہ بھی کہا کہ آدھا سیاحتی سیزن پہلے ہی گزر چکا ہے اور حکومت نہیں چاہتی کہ مزید وقت ضائع کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں ہوٹلز، ٹرانسپورٹرز اور دوسرے متعلقہ لوگوں کی جانب سے ایس او پیز پر عمل درامد یقینی بنایا جائے گا۔