متعدد ارکان پارلیمنٹ براہ راست سیشن کے بعد کورونا کاشکار ہوئے: فواد چوہدری
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ متعدد ارکان پارلیمنٹ براہ راست سیشن کے بعد کورونا کاشکار ہوچکے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ ایک ہفتے میں کورونا صوبائی وزیر سمیت 4 ارکان اسمبلی کی جان لے چکا ہے اور 18 کے قریب ارکان اسمبلی ابھی بھی کورونا سے زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے براہ راست سیشنز کے نتائج سامنے آ رہے ہیں اور متعدد ارکان پارلیمنٹ براہ راست سیشن کے بعد کورونا کاشکار ہوچکے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے، پارلیمان کے مواصلاتی سیشن کرکے احتیاط کا مظاہرہ کرسکتے ہیں، ہوٹلوں میں یا براہ راست سیشن بلانے کی بجائے ورچوئل اجلاس کیے جائیں۔
واضح رہے کہ نوشہرہ سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی میاں جمشید الدین کاکاخیل بدھ کے روز کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے رکن اسمبلی میاں جمشید الدین ایک ہفتے سے اسلام آباد کے ہسپتال میں زیر علاج تھے اور تین روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔
یاد رہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والے جے یو آئی ف کے رہنما امتیاز قمر کا بھی گزشتہ روز کورونا وائرس کے باعث انتقال ہوا ہے۔ گزشتہ روز ہی سندھ کے وزیر کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ بھی کورونا کے باعث انتقال کر گئے تھے۔