رستم، دوہرے قتل کا ڈراپ سین، مقتولہ کے بیٹے سمیت 2 ملزمان گرفتار
تھانہ شہباز گڑھی پولیس نے 3 دن کے اندر اندر اندھے قتل کا سراغ لگا کر ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
29 مئی کو تھانہ شہباز گڑھی کی حدود گڑیالہ میں دوہرے قتل کا واقعہ پیش آیا تھا جس کی رپورٹ مسماة (آ) نے تھانہ شہباز گڑھی میں نامعلوم ملزم ملزمان کے خلاف درج کرائی۔
واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سجاد خان نے اصل حقائق سامنے لانے کیلئے ڈی ایس پی رورل سرکل گل شید خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ شہباز گڑھی مومند خان اور تفتیشی افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی جنہوں نے کیس کا مختلف زاویوں اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے ذریعے واردات میں ملوث اصل ملزمان آفتاب احمد ولد گل اکبر اور اسد ولد انور علی ساکنان بہرام شاہ گڑیالہ تک رسائی حاصل کر کے گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان نے دوران انٹاروگیشن اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ مقتول فاروق اور مقتولہ مسماة (ز) کے مابین کئی برسوں سے غیرشرعی تعلقات استوار تھے جس پر مقتولہ کے بیٹے آفتاب کو شدید رنج تھا جس پر اس نے اپنے شریک واردات ساتھی اسد کے ہمراہ دونوں کو مارنے کا منصوبہ بنایا اور موقع پاکر مقتولین کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ ایک عدد کلاشنکوف اور ایک عدد رائفل برآمد کر لیا گیا۔
ادھر نوشہرہ میں زبانی تکرار پر مسلح ملزمان نے اندھادھند فائرنگ کرکے نوجوان بیٹے کو باپ اور بھائی کے سامنے موت کے گھات اتار دیا، ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آنے سے خاتون خانہ سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے۔
نوشہرہ پولیس کے مطابق فائرنگ سے 19 سالہ حامد خان موقع پر جاں بحق ہو گیا، مقتول کے والد کچکول خان، بھائی تاج ولی، بھابھی مسماۃ نبیلہ خان، چچا پزیر گل گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئے۔
وقوعہ کے بعد ریسکیو 1122 نے جاں بحق نوجوان اور زخمیوں کو قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلکس نوشہرہ منتقل کر دیا، پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثا کے حوالے کر دی گئی جبکہ زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کے خلاف تھانہ نوشہرہ کلاں میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔