اگر پٹرول غائب کرنا تھا تو پھر قیمتیں کم کیوں کی؟
پٹرول سستا تو ہو گیا ہے مگر سستا ہونے کے بعد نوشہرہ کے پٹرول پمپوں سے دوسرے روز بھی پٹرول غائب ہے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمتیں کم ہونے کے بعد نوشہرہ کے پٹرول پمپوں سے دوسرے روز بھی پٹرول غائب ہے۔ پٹرول پمپوں پر آئے ہوئے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے شہری تیل کی فراہمی کے لیے دربہ در ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے پٹرول کی قیمتیں کم ہونے کے بعد اگر پٹرول غائب کرنا تھا تو پھر قیمتیں کم کیوں کی؟ گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پٹرول پمپوں کا معائنہ کیا گیا اور پمپ مالکان کو پٹرول کی بلا تعطل فراہمی کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں تاہم ابھی تک شہریوں کو پٹرول کی فراہمی یقینی نہ ہوسکی جس سے عوام ذہنی اذیت میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے دو روز قبل پٹرولیم مصنوعات میں تقریباً 12 روپے تک کی کمی کی ہے جس کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 11 روپے 88 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی جس کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت47 روپے 44 پیسے سے کم ہو کر 35 روپے 56 پیسے فی لیٹر اور پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 7 روپے 6 پیسے کمی کے بعد 81 روپے 58 پیسے سے کم ہوکر 74 روپے 52 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں پانچ پیسے اضافے کے بعد 80 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 47 روپے 52 پیسے سے کم کرکے 38 روپے 14 پیسے کم کردی گئی ہے۔