لکی مروت کے کئی علاقوں پر ٹڈی دل نے ایک بار پھر حملہ کر دیا
غلام اکبر مروت سے
لکی مروت کے کئی علاقوں پر ایک بار پھر ٹڈی دل نے حملہ کر دیا ہے، ان ٹڈیوں میں بچوں کی بھی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔
اس دفعہ گلباز دھقان اورتاجہ زئی سمیت ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں لاکھوں کی تعداد میں ٹڈیاں داخل ہو گئی ہیں، ٹڈیوں سے سبزی،جنگلات اورسبزے کو نقصان کا خدشہ ہے جبکہ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ بھی ٹڈیوں سے نمٹنے کیلئے تیار نہیں ہے کیونکہ تین ماہ قبل ٹڈیوں نے لکی مروت کے مختلف علاقوں میں انڈے دیئے تھے اور متاثرہ علاقوں کے لوگوں نے ڈپٹی کمشنر، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت سے ان ٹڈیوں پر سپرے کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن کوئی سرکاری مشینری عملی طورپر مصروف عمل نظر نہیں آئی۔
یہ بھی پڑھیں:
ٹڈی دل کا ضلع اورکزئی پر بھی حملہ
واضح رہے کہ ٹڈیوں نے تین ماہ پہلے بھی لکی مروت پر حملہ کیا تھا اور "غرو منج "کے علاقوں میں انڈے دیئے تھے، اب ان انڈوں سے لاکھوں کی تعداد میں ٹڈیاں پیدا ہو گئی ہیں جس سے سبزیوں، جنگلات اورسبزے کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ ڈیرہ اسمعیل خان اور لکی مروت کے بعد ٹڈی دل نے پاراچنار سمیت ضلع کرم کے مختلف علاقوں پر حملہ کردیا تھا۔
یہ بھی واضح رہے کہ رواں مہینے ٹڈیوں کا یہ دوسرا بڑا حملہ ہے، اس سے قبل سات مئی کو لکی مروت کے بیشتر علاقے ٹڈی کے حملوں کی زد میں آئے تھے۔