خیبر پختونخوا
لکی مروت میں پانچ سالہ بچہ بے دردی سے قتل
لکی مروت میں بدھ یعنی گزشتہ روز قتل ہونے والے پانچ سالہ بچے نویداللہ کے قاتلوں کا تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا۔پولیس
بچے کے والدین کے مطابق مقتول نویداللہ کل 11 بجے گھر سے لاپتہ ہوا تھا اور تین بجے لاش قریبی قبرستان سے برآمد ہوئی۔ والدین کے مطابق بچے کو تشدد کے بعد بے دردی سے قتل کیا گیا۔ بچے کے ساتھ ایک ڈنڈا بھی پڑا تھا اور بچے کا ایک ہاتھ اور ایک پیر ٹوٹا ہوا تھا۔
والدین کے مطابق انکی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ تجوڑی حدود کوٹکہ جباری میں پیش آیا ہے۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ تاحال بچے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے اور نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کردی گئی ہے۔ ایس ایچ او فرقان جاوید کے مطابق قاتلوں کو جلد سے جلد گرفتارکرلیا جائے گا۔
بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کے حوالے سے کوئی اطلاعات سامنے نہیں آئی۔