ضلع بونیر کا نوجوان اسلام آباد سے اغواء، خیبرپختونخوا اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع
ضلع بونیر سے تعلق رکھنے والے نوجوان حضرت علی کے اغواء کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس جمع کرادیا ہے۔ اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردارحسین بابک کی جانب سے جمع کرائے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ضلع بونیر کے گاوں مغدرہ کے نوجوان کو گذشتہ شب اسلام آباد میں اپنے ماربل شو روم سے اغوا کیا گیا، پختون نوجوانوں کا قتل اور اغواء اب معمول بن چکا ہے۔
حکومت نوجوان حضرت علی کی بازیابی کیلئے تمام توانائیاں صرف کریں۔ نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت اپنی ذمہ داری کا احساس کرے اور نوجوان کی بلاتاخیر بازیابی کیلئے دن رات ایک کرے۔ اسکے ساتھ ساتھ اسلام آباد اور پنجاب پولیس کے ساتھ ملکر نوجوان کی بازیابی یقینی بنائی جائے کیونکہ خاندان اس وقت ذہنی پریشانی میں مبتلا ہوچکا ہے جن کے مطابق انکی کسی کے ساتھ ذاتی دشمنی نہیں ہے۔ نوٹس اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردارحسین بابک نے جمع کرایا۔