قومی

ملک بھر میں نادرا دفاتر کھل گئے، شہریوں کی قطاریں لگ گئیں

لاک ڈاؤن کے باعث ملک بھر میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے بند رہنے والے دفاتر پیر سے عوام کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔

نادرا ہدایت کے مطابق دفاتر پیر سے جمعرات صبح 10 سے دوپہر 4 بجے تک کھلے رہیں گے اور جمعے کو دفتری اوقات صبح 10 سے دوپہر ایک بجے تک ہوں گے۔

شہری دفاتر پر آنے سے پہلے معلومات کیلئے نادرا سینٹر 7000 پرکال ضرورکریں، نادرا دفاتر میں داخلے کے لیے ماسک، سینی ٹائزر اور دیگر حفاظتی اقدامات لازمی ہیں اور دفاتر کے اندر اور باہر دی گئی ہدایات پر عمل اور حفاظتی دوری رکھنا بھی لازمی ہے۔

نادرا ملازمین کو بھی دوران ڈیوٹی ماسک اور دستانوں کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نادرا دفاتر کھولنے سے قبل اسلام آباد کے دفاتر میں شہریوں کو بلا کر حفاظتی اقدامات کی پریکٹس بھی کروائی گئی تھی۔

نادرا کے مطابق ستمبر 2019 سے 30 جون 2020 تک زائد المیعاد شناختی کارڈ کی مدت جولائی 2020 تک بڑھائی جا چکی ہے۔نادرا کے مطابق فی الحال نئی رجسٹریشن اور بائیو میٹرک تصدیق والے شہریوں کو ترجیح دی جائے گی جب کہ شہری شناختی کارڈ کی وصولی کے لیے 15 مئی کے بعد رجوع کریں۔

کراچی میں میگا سینٹر سمیت دیگر نادرا دفاتر پیر سے کھولے جا چکے ہیں، نادرا دفاتر کھلتے ہی شہریوں کی قطاریں لگ گئیں تاہم دفاتر کے باہر پولیس اہلکاربھی تعینات کئے گئے، نادرا دفاتر آنے والے شہریوں کے جسم کا درجہ حرارت بھی چیک کیا جاتا رہا۔

ادھر لاہور میں کے میگا سینٹر کے باہر بھی سماجی فاصلے رکھنے کی ہدایات کی خلاف ورزی کی جاتی رہی، خواتین و مرد کی لمبی قطاروں میں کورونا سے بچاؤ کا کوئی خیال نہیں رکھا گیا تاہم اس دور ان پولیس اہلکار لوگوں کو حفاظتی اقدامات پر عمل کر نے کی ہدایت کرتے رہے ۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ثانیہ نشتر نے نادرا دفاتر کھولنے کی سفارش کی تھی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button