قبائلی اضلاع

شڈلہ کی اراضی اکاخیل، بیزوٹی قبائل کی نہیں ہماری ہے۔ قبیلہ ذخہ خیل

ذخہ خیل قبیلے کے مشران نے اکا خیل قبیلے اور ضلع اورکزئی کے بیزوٹی قبیلے کو خبردار کیا ہے کہ تیراہ شڈلہ کی اراضی ان کی ذاتی ملکیت ہے اور اس پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنے سے گریز کیا جائے۔

باڑہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ذخہ خیل قبیلے کے مشران شیرمت خان، مولانا نور محمد، حاجی باروز، الف خان سمیم اور حیات محمد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اکا خیل اور بیزوٹی قبائل کو شڈلہ میں ہماری اراضی پر قبضہ جمانے سے روکا جائے ورنہ ہم بھرپور طریقے سے اپنے حقوق کےلئے لڑیں گے۔

مشران نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اکاخیل اور بیزوٹی قوم ہماری جائیدادوں پر ایک دوسرے سے لڑنے کی کوشش نہ کریں بلکہ انہیں اس اراضی کی تاریخ پر نظر ڈالنی چاہئے، ماضی میں بھی ہمارے قبیلوں کی تمام سرحدات سب کو معلوم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اکا خیل قبیلے نے کالعدم تنظیم لشکر اسلام کے دور میں مذکورہ زمینوں کو قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی اور جغرفیائی حدود سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہمارے آباؤاجداد کی پرانی آبادی کو بھی نقصان پہنچایا لیکن آج بھی وہاں ہمارے آبا واجداد کی ابادکاری کے نشانات موجود ہیں۔

مشران نے کہا کہ اکا خیل قبائل اور بیزوٹی اورکزئ قوم ہماری اراضی سے فوری اپنا تسلط ختم کریں ورنہ سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:

خیبر کے بعد وانا میں اراضی تنازعہ پر قبائل کے درمیان تصادم

انہوں نے زمینی ملکیت کی تاریخ دہراتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اس مقام شڈالے پر ذخہ خیل قبیلے کے کئی افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جس کا دیگر آفریدی قبائل کے مشران کو بھی علم ہے۔

مشران نے دونوں قبیلوں کے مشران کو متنبہ کیا کہ وہ خونریزی اور مزید نقصانات سے بچنے کےلئے ہوش سے کام لیں کیونکہ یہ دور لشکر کشیوں اور ایک دوسرے پر حملے کرنے کا نہیں بلکہ یہاں اب انضمام کے بعد قانون کی حکمرانی ہے۔

انہوں نے اس مسئلے کے حل کے لئے میں عدالت جانے کا بھی اعلان کیا جبکہ اس بارے میں ذخہ خیل قوم کے مشران عنقریب وزیر اعلی خیبر پختونخوا کو بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

دوسری جانب قباٸلی ضلع خیبر باڑہ اکاخیل قبائل کے عمائدین نے ضلع اورکزئ کے بیزوٹی قبائل سے زمینی تنازعے پر دو افراد کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے قاتلوں کو آئندہ اتوار تک گرفتار نہ کیا تو قبائلی روایات کے تحت بیزوٹی قبائل پر اکاخیل قبیلے کے لوگ لشکرکشی کر کے قتل کا بدلہ لیں گے۔

یاد رہے کہ 29 اپریل کو تیراہ شڈالی اکاخیل آفریدی کے علاقے پر قوم بیزوٹی اورگزئی کے لوگوں نے یلغار کر کے اکاخیل کے 2 افراد کو آبائی جائیداد میں قتل کر دیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button